راولپنڈی سے سکردو سفر کرنے والی مسافر گاڑی جلکوٹ سے سکردو روڈ پر اس وقت اچانک حادثے کا شکار ہوئی جب مسافر گاڑی لینڈ سلائیڈنگ کا شکار ہوئی۔
سفر کے آغاز پر گاڑی میں 16کل افراد سوار تھے جن میں سے دو حادثے کے مقام سے پہلے اپنی منزل پر اتر گئے تھے جس وجہ سے وہ محفوظ رہے تھے۔
ہلاک ہونے والوں میں سے تین افراد کا تعلق ضلع کوھستان سے ہے جو کہ آپس میں قریبی عزیز بتائے جاتے ہیں۔
سکردو کے مقامی ہسپتال کے مطابق یہ انتہائی خوفناک حادثہ تھا۔ جس میں ان کے پاس کئی افراد کی لاشوں کے اعضا کپڑوں اور بوریوں میں بھر کر لائے گئے تھے۔
سکردو سے صحافی وزیر مظفر حسین کے مطابق حادثہ ہفتے کی رات کسی وقت پیش آیا تھا جس کے بعد سے روڈ بند کر دیا گیا تھا۔
انھوں نے بتایا کہ رات کے اندھیرے کی وجہ سے کوئی بھی مسافر گاڑی پر موجود ملبے کے قریب نہیں گیا تھا اور جب صبح کی روشنی پھیلی تو اس کے بعد لوگوں نے قریب جا کر دیکھا تو انھیں پتا چلا کہ ملبے تلے مسافر ویگن دبی ہوئی ہے۔
گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق کے مطابق اس سال بارشیں زیادہ ہوئی ہیں جبکہ روڈ کا تعمیراتی کام بھی جاری ہے جس کے باعث پہاڑ کی کٹائی بھی ہوتی رہتی ہے۔
انھوں نے کہا کہ ’لگتا ہے کہ اس وجہ سے پہاڑ کمزور ہوئے ہیں اور یہ حادثہ پیش آیا ہے۔‘