واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں بلوچستان نیشنل پارٹی-ینگل کی چار سیٹیں ہیں اور بی این پی-مینگل کی حکومت سے علیحدگی کے بعد حکمران جماعت مشکلات کا شکار ہو سکتی ہے۔
بدھ کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران بلوچستان نیشنل پارٹی-مینگل کے صدر نے کہاکہ ہر بجٹ کو عوام دوست بجٹ کہا جاتا ہے لیکن اب تک جو بجٹ آئے ہیں ان میں ہمیں کتنی فیصد عوام دوستی کی جھلک نظر آئی ہے۔
‘یہ بجٹ ممبرا دوست ہو سکتا ہے، وزرا دوست ہو سکتا ہے، بیوروکریسی دوست ہو سکتا ہے، عکسریت دوست ہو سکتا ہے لیکن عوام دوست بجٹ آج تک نہ اس ملک میں آیا ہے اور نہ ہی کبھی آںے کے امکانات ہیں’۔تحریر
ان کا کہنا تھا کہ اس ملک کے موجودہ بجٹ سے فائدہ کسے پہنچ رہا ہے ، کیا غریب کو فائدہ ملے گا، غریبوں کے لیے روزگار کے دروازے کھول دیے گئے ہیں، کیا انہی بجٹ سے عوام کی مہنگائی سے کمر چور چور نہیں ہوئیں۔
اختر مینگل نے کہا کہ اس ملک میں آج تک کسی کو انصاف نہیں ملا، کوڑیوں کے بھاؤ یہاں انصاف بکا ہے اور خریدار بھی ہم ہیں، ہم نے اس عوام کو مجبور کیا ہے کہ وہ انصاف لیں نہیں، انصاف کو خریدیں اور منڈیوں میں جس طرح انصاف بکتا ہے شاید ہی اس ملک کے علاوہ کہیں بکتا ہو۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے کہا کہ ہم لوگوں کو روزگار دیں گے، صنعتیں روز بروز بند ہوتی جا رہی ہیں، آپ کی سب سے بڑی صنعت جس کو اسٹیل مل کہا جاتا تھا، آج اس کے مزدور سراپا احتجاج ہیں، اس کی نجکاری کی جا رہی ہے، ان لوگوں کو بیروزگار کرایا جا رہا ہے، اس حلقے کے نمائندے یہاں احتجاج کرتے ہیں لیکن یہاں کوئی سننے والا نہیں ہے۔
بلوچستان نیشنل پارٹی-مینگل کے صدر نے مزید کہا کہ حکومت کی سنجیدگی کا یہ عالم ہے کہ جس دن بجٹ پیش کیا جاتا ہے تو پہلی صف بھری ہوتی ہے، جس دن بجٹ منظور کیا جاتا ہے تو صف بھری ہوتی ہے لیکن جب تجاویز پیش کی جاتی ہیں تو خوردبین سے حکومتی اراکین کو ڈھونڈنا پڑتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ تمام اس وقت ممکن ہو سکتا ہے جب عوام کے حقیقی نمائندگی کا حق رکھنے والے فری اینڈ فیئر الیکشن کے تحت منتخب ہو کر آئیں، جن کو عوام کا درد ہو، عوام کی مجبوریوں اور مصیبتوں کا احساس ہو۔
–جاری ہے